گینگسٹر لارنس بشنوئی کا بھائی انمول بشنوئی امریکا میں زیر حراست

Published: 18-11-2024

Cinque Terre

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دینے والے بشنوئی گینگ کے جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اسے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں حکام نے حراست میں لے لیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس پیشرفت سے باخبر بھارتی ایجنسیوں کے حکام نے پیر کو بتایا کہ انھیں انکے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ انمول بشنوئی کو جو گولڈی برار کے ساتھ مل کر گینگ کی سرگرمیوں کو امریکا سے چلاتا ہے اسے کیلیفورنیا میں چار پانچ روز قبل حراست میں لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے ایک افسر نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ آفیشل چینل سے مزید تفصیلات حاصل کرسکیں۔واضح رہے کہ یہ کسی مطلوب گینگسٹر کی دوسری بڑی حراست ہے، اس سے قبل گزشتہ ماہ کے اواخر میں ارشدیپ سنگھ گل عرف ارش دلا کو کینیڈا میں حراست لیا گیا تھا۔دوسری جانب بھارتی حکام یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انمول بشنوئی کو کن حالات میں کیلیفورنیا میں حراست میں لیا گیا، آخری مرتبہ انمول بشنوئی کیلیفورنیا کے شہر فریسنو میں دیکھا گیا تھا۔ تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اسے فریسنو سے ہی حراست میں لیا گیا ہے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ امریکی حکام پہلے ہی بشنوئی کے ٹھکانے کے بارے میں ممبئی پولیس سے رابطے میں تھی۔ ممبئی پولیس سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر 14 اپریل کو کی گئی فائرنگ اور 12 اکتوبر کو این سی پی کے رہنما بابا صدیق کے قتل میں ملوث ہونے کے بارے میں بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ جبکہ یہ بھی اطلاع ہے کہ ممبئی پولیس انمول بشنوئی کو بھارت کے حوالگی کے لیے امریکا کو درخواست بھجوانے پر بھی کام کررہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے انمول بشنوئی کا نام انتہائی مطلوب مجرموں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے اس کے گرفتاری پر 10 لاکھ کا انعام کا اعلان کر رکھا ہے۔