چیمپئنز ٹرافی: آئی سی سی بھی معاملہ سلجھانے کی کوشش کر رہی ہے، راجیو شکلا

Published: 30-11-2024

Cinque Terre

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی معاملے کو سلجھانے کی کوشش کررہی ہے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو میں راجیو شکلا نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات چیت چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی بھی اس میگا ایونٹ کے معاملے کو سلجھانے کی کوشش کر رہا ہے، اس معاملے پر بی سی سی آئی کی پوزیشن یہ ہے کہ ہم وہ کریں گے جو ہم سے حکومت کرنے کو کہے گی۔بعد ازاں بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ میں چیمپئنز ٹرافی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بھارتی حکومت کی پوزیشن بتانے کے بجائے بی سی سی آئی کے ایک بیان کا حوالہ دے دیا۔بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان میں سیکیورٹی تحفظات ہے اور ایسے میں دورہ کرنا ممکن نہیں۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ وہ اس حوالے سے بی سی سی آئی کا بیان دیکھے، تاہم جمعہ کی شب تک بی سی سی آئی کا ایسا کوئی بیان پبلک نہیں کیا گیا تھا۔بھارتی دفتر خارجہ کے بیان نے بی سی سی آئی کی اس پوزیشن پر سوال کھڑا کردیا ہے کہ جس میں یہ موقف دیا جاتا تھا کہ حکومت نے اجازت نہیں دی اور اب بھارتی سرکار نے کہہ رہی ہے کہ تحفظات کا اظہار بی سی سی آئی نے کیا ہے ۔