رشمیکا مندانا بھارت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ؟

Published: 30-11-2024

Cinque Terre

جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والی تیلگو، کناڈا، ہندی اور تامل فلموں کی معروف اداکارہ رشمیکا مندانا نے ان خبروں کو غلط قرار دے دیا کہ وہ بھارت کی سب سے معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں۔واضح رہے کہ انکے بارے میں یہ افواہیں تھیں کہ فلم پشپا 2: دی رول میں کام کے بعد وہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی  بھارتی اداکارہ بن گئی ہیں اور انھوں نے اس معاملے میں اپنی ہم عصر اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اس ہفتے کے اوائل میں رشمیکا نے گوا میں انٹر نیشنل فلم فیسٹول آف انڈیا 2024 کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ان قیاس آرائیوں سے اتفاق نہیں کرتیں کیونکہ یہ سچ نہیں ہے۔یاد رہے کہ متعدد رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ انھوں نے پشپا ٹو میں کام کے 10 کروڑ روپے وصول کیے، جو کہ ایک بڑا جمپ ہے کیونکہ اس فلم کے پارٹ ون میں انھیں دو کروڑ روپے معاوضہ ملا تھا۔ انھوں نے اس دوران پشپا ٹو: دی رول کے ساتھی اداکار الو ارجن اور ہدایتکار سوکومار کی پروموشن سے غیر حاضری کے بارے میں بھی بات کی، انکا کہنا تھا کہ وہ دونوں فلم کی فائنل ایڈیٹنگ میں مصروف ہیں، اسی لیے وہ ایونٹ میں شریک نہ ہوسکے۔ ان سے پوچھا گیا کیا انھیں پشپا ٹو میں کام پر نیشنل ایوارڈ ملنے کی توقع ہے؟ تو انکا کہنا تھا کہ امید تو یہی ہے۔