وکلاء کی ویڈیو لنک پر پیش ہونے کی درخواستیں سماعت کے روز ہی سننے کی منظوری

Published: 03-12-2024

Cinque Terre

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکلاء کی ویڈیو لنک پر پیش ہونے کی درخواستیں سماعت کے روز ہی سننے کی منظوری دے دی۔ اس اقدام سے دور دراز علاقے سے عدالت میں پیش ہونے والے وکلاء کیلئے آسانی پیدا ہوگی۔چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے نظام کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے بہتر و مؤثر بنایا جا رہا ہے، آن لائن سہولتوں کیلئے سپریم کورٹ کے تمام ایڈووکیٹ اپنے ای میلز اور واٹس ایپ نمبرز درج کروائیں۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے نامزد ججز پورا ہفتہ اِن چیمبر سماعت جاری رکھیں گے۔سپریم کورٹ بار کے اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی، جس میں سپریم کورٹ بار کے صدر میاں رؤف عطا، جنرل سیکریٹری سلمان منصور شامل تھے۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وکلاء کو درپیش مسائل کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بار ایسوسی ایشن کے بہت سے جائز مطالبات کی تائید کی۔ چیف جسٹس نے عبوری و حکم امتناع کے مقدمات کی اِن چیمبر سماعت کی بحال کی ہامی بھری۔سپریم کورٹ بار کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے اِن چیمبر سماعتوں کیلئے ججز کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا، چیف جسٹس نے قانونی برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔