گجرات پولیس کا ایک اور بہادر سپوت طارق عزیز شہید سماج دشمنوں سے لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کر کے امر ہو گیا

Published: 18-12-2024

Cinque Terre

گجرات (چوہدری نصیر افضل سے)گجرات پولیس کا ایک اور بہادر سپوت طارق عزیز شہید سماج دشمنوں سے لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کر کے امر ہو گیا۔طارق عزیز شہید کی نماز جنازہ پولیس لائن گجرات میں ادا کردی گئی۔اعلیٰ افسران سمیت سول سوسائٹی،تاجروں، وکلاء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب تھانہ ککرالی کے نواہی گاؤں ہنج میں ایلیٹ فورس کا بہادر جوان طارق عزیز  فرائض کی ادائیگی کے دوران اشتہاری مجرمان کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔ جن کی نماز جنازہ پولیس لائن گجرات میں ادا کردی گئی۔ جس میں ریجنل پولیس آفیسر گوجرنوالہ طیب حفیظ چیمہ، ڈی پی او گجرات ڈاکٹرمستنصر عطاء باجوہ، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک، ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ جیل چوہدری اختر اقبال،ڈیس ایس پیز، ایس ایچ اوز، تاجر راہنما جاوید بٹ سمیت دیگر پولیس افسران اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔قومی پرچم میں لپٹے شہید کے جسد خاکی کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر گوجرنوالہ طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ شہادت جیسا عظیم مرتبہ صرف قسمت والوں کے حصہ میں آتا ہے۔ شہید طارق عزیز نے شہر کے امن کی خاطر دلیری اور بہادری سے فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی ہے۔ اس نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے گجرات پولیس شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے واقع میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔