گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ڈڈیال کے ڈسپلن اور سکیورٹی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں‘ ہماری بیٹیاں محفوظ سمجھتی ہیں‘ والدین

Published: 19-12-2024

Cinque Terre

میر پور (رپورٹ بیورو چیف سے)گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ڈڈیال میں آج بی ایس انگریزی کی طالبات کے والدین نے کالج حاضر ہو کر بی ایس انگریزی پروگرام کی مکمل حمایت کی اور طالبات کو دوسرے کالج میں شفٹ کرنے کے مطالبے کو یکسر مسترد کر دیا۔ایک تو جس کالج میں بھیجا جا رہا ہے ان کی رجسٹریشن اے جے کے یونیورسٹی کے ساتھ ہے جبکہ بوائز ڈگری کالج ڈڈیال کی رجسٹریشن میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ہے۔ تکنیکی طور پر یہ عمل نا ممکن بھی ہے اور غیر سنجیدہ بھی۔والدین نے اس بات کا اظہار کیا کہ ہمیں طالبات کی بوائز ڈگری کالج ڈڈیال میں کلاسز کے حوالے سے کسی قسم کے کوئی تحفظات نہیں اور تحفظات کی جو باتیں ہو رہی ہیں وہ کسی کی من گھڑت ہیں۔ والدین نے ادارہ کے سابق پرنسپل کے سامنے اظہار تشکر کیا کہ اس ادارہ میں بی ایس انگریزی کا اجراء ہوا اور ہمیں اپنی بیٹیاں دوسرے شہروں میں نہیں بھیجنی پڑیں جو کہ معاشی طور پر بھی ممکن نہ ہوتا۔ والدین نے ادارے کے اساتذہ کرام کا بھی شکریہ ادا کیا جو طلباء پر اتنی محنت کرتے ہیں اور یونیورسٹی کے معیار کی تعلیم بوائز ڈگری کالج ڈڈیال میں دی جارہی ہے جو کہ اہل علاقہ کے لئے بہت بڑی سہولت ہے۔والدین نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج تک کالج کے ڈسپلن اور سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں رہی اور ہماری بیٹیاں اپنے آپکو ادارے میں بالکل محفوظ سمجھتی ہیں اور بیٹیوں نے بھی آج تک ایک شکایت گھر میں نہیں لائی۔ اگر ہماری بیٹیوں کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنا ہے تو پہلے ہمیں تو پوچھ لیں۔والدین کا کہنا تھا کہ ہم نے مکمل تسلی کرکے اپنی مرضی و منشاء سے اپنی بیٹیوں کو گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ڈڈیال میں داخلہ کرایا۔ اور ہم اسی ادارے میں اپنی بیٹیوں کی تعلیم جاری رکھیں گے۔والدین کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ہماری مرضی کے بغیر ہماری بیٹیوں کو کسی اور ادارے میں بھیجا گیا تو ہم ہر فورم پہ اپنی آواز بلند کریں گے اور عدالت کا دروازہ کھٹکٹائیں گے اور کسی صورت اپنی بیٹیوں کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دیں گے۔