Published: 28-08-2022
دبئی: ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر کھاتہ کھول دیا۔دبئی میں جاری میچ میں افغانستان کی دعوت پر سری لنکا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.4 اوورز میں 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور افغانستان کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا۔افغانستان کے بولرز کی گھومتی گیندوں کے آگے سری لنکن بلے باز بے بس دکھائی دیے اور صرف 3 بیٹرز ہی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔ بھنوکا راجاپکسا 38، چمیکا کرونارتنے 31 اور دنوشکا گُناتھیلاکا 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی نے 3، مجیب الرحمان اور محمد نبی نے 2،2 اور نوین الحق نے 1 وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں افغانستان کو اچھی اوپننگ ملی اور 83 کے مجموعی اسکور پر رحمان اللہ گرباز چالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر 103 کے مجموعی اسکور پر ابراہیم زردان 15 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔حضرت اللہ زازئی 40 اور نجیب اللہ زردان 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان نے مقررہ ہدف 10.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔