ایشیاکپ کا آغاز آج سے ہوگا، صحرائے عرب چوکوں، چھکوں برسات ہوگی

Published: 28-08-2022

Cinque Terre

دبئی: صحرائے عرب کی تپش میں چوکوں، چھکوں کی برسات کا موسم آگیا تاہم ایشیاکپ کا آج سے دبئی میں آغاز ہوگا۔رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈکپ کے پیش نظر اس بار اے سی سی نے ایشیا کپ میں ٹی20 فارمیٹ کے مقابلے کرانے کا فیصلہ کیا تھا، یواے ای میں ہفتے سے شروع ہونے والے ایونٹ میں ٹیموں کو اپنا زور بازو آزما کر تیاریوں کی جانچ کا موقع ملے گا۔عرب صحرا ان دنوں سخت گرمی کی لپیٹ میں ہیں،ا گرچہ شام کو ہوا چلتی اور رات کو حدت میں بھی کمی آتی ہے مگر حبس کی وجہ سے کرکٹرز کو دہری آزمائش سے گزرنا پڑ سکتا ہے، افتتاحی روز دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں مقابل ہوں گی۔ڈاسن شناکا کی زیر قیادت کھیلنے والی سری لنکن ٹیم کے بیشتر کھلاڑی ڈومیسٹک ٹی20 ٹورنامنٹ میں فارم بحال کرکے آئے ہیں،پاتھم نسانکا،دانوشکا گونا تھلاکا، چارتھ اسالنکا،کوشل مینڈس، بھانوکا راجا پکسے جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں،وانندو ہسارنگا آل راؤنڈ کارکردگی دکھاسکتے ہیں،یواے ای کی کنڈیشنز مہیش تھیکشانا کیلیے سازگار ہیں،پیسر چمیکا کرونا رتنے، اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا بھی سلیکشن کیلیے دستیاب ہوں گے۔افغان کرکٹرز حضرت اللہ زازئی، رحمان اللہ گرباز اور نجیب اللہ زدران بولرز کے چھکے چھڑا سکتے ہیں،کپتان محمد نبی اور راشد خان کئی بار بیٹ اور بال سے افادیت ثابت کرچکے ہیں،مجیب الرحمان کا شمار بھی خطرناک اسپنرز میں ہوتا ہے،نوین الحق اور فرید احمد جیسے پیسرز دستیاب ہیں، بیٹنگ کیلیے سازگار پچ پر بڑے اسکور کا امکان ہے، اچھی لائن و لینتھ سے اسپنرز کا جادو بھی چل سکتا ہے۔یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں ابھی تک ٹی20 کرکٹ میں ایک بار ورلڈکپ 2016میں مقابل ہوئی ہیں، سری لنکا نے 154 کا ہدف 4 وکٹ پرحاصل کرکے فتح کو گلے لگایا تھا، اب افغانستان کے پاس اپنا 100 واں ٹی20 میچ یادگار بنانے کا موقع ہے۔دوسری جانب پاکستان ٹیم کا پہلا مقابلہ بھارت سے اتوار کو ہوگا، اس ہائی وولٹیج مقابلے سے قبل گرین شرٹس نے گذشتہ روزپہلے ہوٹل میں ہی جم سیشن کیا، اس دوران کھلاڑی جسمانی استعداد بہتر بنانے کیلیے کوشاں رہے،بعد میں فلڈ لائٹس میں نیٹ پریکٹس کی گئی،روایتی حریفوں کی جنگ کا طبل بجنے سے قبل ہی نہ صرف دونوں پڑوسی ملکوں بلکہ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔یواے ای میں موجود پاکستانی اور بھارتی تارکین وطن میں سے ہر کسی کی خواہش ہے کہ اسے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر روایتی حریفوں کا سنسنی خیز میچ دیکھنے کا موقع ملے لیکن ایسا ہونا ممکن نہیں ہے،اس لیے گھروں میں فیملی یا دوستوں کے ہمراہ کھیل سے لطف اندوز ہونے کی تیاریاں ہورہی ہیں،اتوار کو اسٹیڈیم کے اطراف میں بھی میلے کا سماں نظر آئے گا، میچ کے دوران سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیلیے بھی پولیس نے کمر کس لی ہے۔