Published: 03-09-2022
شارجہ: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے چھٹے میچ میں 194 رنزکے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 10.4 اوورز میں 38 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی جبکہ پاکستان کو 155 رنز سے فتح حاصل ہوئی۔شاداب خان نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز نے تین کھلاڑیوں کا شکار کیا۔پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ابتداء کی جس کے بعد شاہنواز دھانی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ابتدائی تین کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے آؤٹ ہوتے رہے۔پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز سے فتح اپنے نام کی گئی ہے۔ قومی ٹیم سپر فور مرحلے میں پہنچ گئی ہے جس کے بعد اتوار 4 ستمبر کو بھارت سے دوبارہ مقابلہ ہوگا۔وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ خوشدل شاہ نے آخری اوور میں چار چھکے لگا کر ٹیم کا اسکور 193 رنز پر پہنچایا۔پاکستان کی جانب سے آخری پانچ اوورز میں 77 بنائے گئے جبکہ ہانگ کانگ کے فاسٹ بولر اعزاز خان نے میچ کے آخری اوور میں 29 رنز دیے۔میچ کے آغاز میں کپتان بابراعظم 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔ محمد رضوان اور فخر زمان کے درمیان 116 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد فخر زمان 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شارجہ میں کھیلا جا رہا ہے، میچ جیتنے والی ٹیم سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔پاکستان کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، نائب کپتان شاداب خان، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہنواز دھانی۔ہانگ کانگ کپتان نزاکت خان، بابر حیات، یاسیم مرتضیٰ، کنچت شاہ، اعزاز خان، اسکاٹ میک کچنٹ شاہ، ذیشان علی، ہارون ارشد، احسن خان، ایوش شکلا، محمد غضنفر۔