ایشیا کپ: سری لنکا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

Published: 07-09-2022

Cinque Terre

 دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا نے 174 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پہلی وکٹ کے درمیان 97 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد یکے بعد دیگرے سری لنکا کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ اسکے بعد بھانوکا راجا پاکسے اور کپتان داسن شاناکا نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے میچ جتوا دیا۔بھانوکا راجا پاکسے 25 اور داسن شاناکا 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارتی اسپنر یزویندر چہل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بھارت کو سری لنکا سے شکست کے بعد فائنل میں پہنچنے کے امکانات بہت کم ہیں، پاکستان کا کل افغانستان سے میچ ہوگا اور قومی ٹیم کی ہار کی صورت میں بھارت کے لیے کوئی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔اوپنر پتھم نسانکا 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اسکے بعد چارتھ اسالنکا صفر اور دانوشکا گناتھیلاکا ایک رن بنا کر کیچ تھما بیٹھے، اوپنر کوسل مینڈس 57 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔بھارت کی جانب سے جب بیٹنگ کا آغاز کیا گیا تو اوپنر کے ایل راہول 6 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ ویرات کوہلی کو صفر پر کلین بولڈ ہوئے۔ ویرات کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی میں چھکوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے دو چھکے درکار تھے جس میں وہ کامیاب نہ ہوسکے۔بھارتی کپتان روہت شرما پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 72 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسکے بعد سوریا کمار بھی 34 رنز بنا کر وکٹ تھما بیٹھے۔ آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا 17، دپیک ہوڈا تین رنز، ریشب پنت 17 رنز اور بھونیشور کمار صفر پر پویلین لوٹ گئے۔بعد ازاں روی چندرن ایشون نے 15 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 173 تک پہنچایا۔