محمد حسنین نے اپنا بلا نسیم شاہ کو تحفے میں دے دیا

Published: 09-09-2022

Cinque Terre

 کراچی: پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین نے اپنا یادگاری بلا نسیم شاہ کو تحفے میں دے دیا، نسیم شاہ نے محمد حسنین کے بلے سے لگاتار دو چھکے لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی تھی۔گزشتہ روز، افغانستان کے خلاف میچ میں پاکستان ٹیم کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے جبکہ قومی ٹیم کو آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے۔ اس دوران نسیم شاہ نے محمد حسنین سے بلا لیا اور افغان بولر فضل الحق فاروقی کو لگاتار دو چھکے لگا کر میچ جتوا دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پی سی بی نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں محمد حسنین کی جانب سے نسیم شاہ کو بلا تحفے میں دیا جا رہا ہے۔ محمد حسنین کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ نے کل شاندار اننگز کھیلی اور شارجہ میں تاریخ کو دھرایا جب جاوید میانداد نے بھارت کے خلاف چھکا لگا کر میچ جتوایا تھا۔محمد حسنین نے کہا کہ نسیم شاہ نے جس بلے سے دو چھکے لگائے وہ بلا میرا تھا اس لیے اپنا بلا نسیم شاہ کو تحفے میں دیتا ہوں۔بلا تحفے میں ملنے کے بعد نسیم شاہ نے محمد حسنین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلے کو نیلامی کے لیے پیش کر رہا ہوں جس کی آدھی رقم سیلاب متاثرین فنڈ میں دوں گا۔واضح رہے کہ افغانستان کے خلاف آخری اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر نسیم شاہ نے لگاتار دو چھکے لگا کر پاکستان کو فائنل میں پہنچایا۔