Published: 12-09-2022
دبئی: سری لنکا نے پاکستان کو فائنل میں 23 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کا ٹائٹل چھٹی مرتبہ اپنے نام کر لیا۔پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 147 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نصف سنچری اور افتخار احمد 32 رنز ہی بنا سکے۔سری لنکا کی جانب سے پراموڈ مدھوسن نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ وینندو ہسرنگا ڈی سلوا نے تین، چمیکا کرونارتنے نے دو اور مہیش تھیکشانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان بیٹنگ 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو 22 کے اسکور پر کپتان بابراعظم 5 رنز اور فخر زمان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد اوپنر محمد رضوان اور افتخار احمد نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنائے لیکن یہاں افتخار احمد 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔افتخار کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور تمام کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے گئے۔ محمد نواز 6 رنز، محمد رضوان 55 رنز، آصف علی صفر، خوشدل شاہ دو رنز، شاداب خان 8 رنز، نسیم شاہ 4 رنز اور حارث رؤف 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا بیٹنگ سری لنکن ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر کوسل مینڈل صفر پر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد وقفے وقفے سے کھلاڑی آؤٹ ہوتے گئے اور 58 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔اسکے بعد بھانوکا راجا پاکسے اور وینندو ہسرنگا ڈی سلوا نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 58 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 116 رنز تک پہنچا دیا، یہاں حارث رؤف نے وینندو ہسرنگا ڈی سلوا کو آؤٹ کرکے شراکت ختم کر دی۔ وینندو ہسرنگا ڈی سلوا 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔وینندو ہسرنگا ڈی سلوا کے آؤٹ ہونے کے بعد بھانوکا راجا پاکسے اور چمیکا کرونارتنے کے درمیان ساتویں وکٹ کی شراکت میں 54 رنز بنے۔ بھانوکا راجا پاکسے 71 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔اوپنر پتھم نسانکا 8 رنز بنا کر، دانوشکا گناتھیلاکا ایک رن، دھننجایا ڈی سلوا 28 رنز، کپتان داسن شاناکا دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ٹاس فائنل کے لیے قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، نائب کپتان شاداب خان اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔ سری لنکا کی جانب سے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ سری لنکاچھٹی مرتبہ ایشیا کپ کا فاتح بنا ہے جبکہ پاکستان اب تک صرف دو مرتبہ ہی ٹائٹل اپنے نام کر سکا ہے۔پاکستان کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، شاداب خان، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد حسنین۔سری لنکا پتھم نسانکا، کوسل مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، دانوشکا گناتھیلاکا، کپتان داسن شاناکا، بھانوکا راجا پاکسے، چمیکا کرونارتنے، وینندو ہسرنگا ڈی سلوا، مہیش تھیکشنا، پراموڈ مدھوسن، دلشان مدوشنکا۔