ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک اور اپ سیٹ، ویسٹ انڈیز کو اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں شکست

Published: 18-10-2022

Cinque Terre

ہوبارٹ: آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں ایک اور اَپ سیٹ ہوگیا، اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 42 رنز سے شکست دے دی۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ابتدائی وکٹ 20 رنز پر گری جس کے بعد دیگر کھلاڑی وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے گئے، پوری ٹیم 18.3 اوور میں 118 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔جیسن ہولڈر 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔اسکاٹش اوپنر جارج منسی 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف اور ہولڈر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بارش کے باعث میچ کچھ دیر کے لیے رکا بھی رہا۔ٹی 20ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جا رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے لیے 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے کے اختتام پر چار ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا۔