Published: 18-10-2022
کراچی: سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت عمر بھٹہ کریں گے۔ سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کےلیے پیر کوعبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ ایک روزہ ٹرائلز کے بعد قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ ایپوہ، ملائشیا میں یکم تا 10 نومبر کھیلا جائے گا۔پی ایچ ایف کے مطابق منتخب کھلاڑیوں میں عبداللہ اشتیاق، اکمل حسین (گول کیپرز)، ایم عبداللہ، سفیان، ارباز احمد، عقیل، احتشام، مرتضی یعقوب، رانا عبدالوحید، رومان خان، حنان شاہد، جنید منظور، ارشد لیاقت، افراز، شاہزیب خان، اسامہ بشیر اور ایم عمران شامل ہیں جب کہ وقار، عبداللہ شیخ، ابوزر، ایم عماد، عبدالوہاب اور سعد شفیق اسٹینڈ بائی کھلاڑی ہوں گے۔قومی ہاکی ٹیم کے ٹرائلز پی ایچ ایف سیلیکشن کمیٹی کے زیر نگرانی منعقد ہوئے، اس موقع پر پی ایچ ایف صدر بریگیڈیئر( ر) خالد سجاد کھوکھر، سیکریٹری جنرل حیدر حسین، چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپیئن کلیم اللہ خان، ممبران اولمپیئن ناصر علی، اولمپیئن رحیم خان، انٹرنیشنل لئیق احمد لاشاری بھی موجود تھے۔