Published: 20-10-2022
لاہور: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ایشیاکپ 2023 میں پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے سخت ردعمل دیا ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں صحافی کے سوال پر انکا کہنا تھا کہ ایشیا کپ یو اے ای منتقل نہیں کیا جائے گا، آپ ہمت تو پکڑیں، اتنے منفی کیوں ہیں، بھارت سب کچھ نہیں ہم بھی بہت کچھ ہیں۔دوسری جانب ایشیا کرکٹ کونسل اور بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کے بیان پر ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ انہوں نے بیان سوچے سمجھے بغیر دیا ہے، جس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ترجمان پی سی بی نے کہا کہ جے شاہ کا پاکستان سے ایونٹ منتقلی کا بیان یکطرفہ ہے، ایونٹ کا منتقلی کا بیان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ 2023 میں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ اور 2024 سے 2031 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی کے ایونٹس میں پاکستان کی شرکت پر غیریقینی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ جے شاہ کی صدارت میں منعقدہ اے سی سی اجلاس میں ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد کی گئی تھی، تاہم اے سی سی کے صدر کے بیان پر کوئی باضابطہ وضاحت موصول نہیں ہوئی۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) سے فوری ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کررکھی ہے۔واضح رہے کہ پی سی بی نے بھارت کی جانب سے ایشیا کپ 2023 کے لیے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے معاملے پر ایشین کرکٹ کونسل کو خط لکھا ہے جس میں شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔