شاہین کے یارکر سے زخمی ہونیوالے اوپنر سے متعلق افغان بورڈ کا بیان سامنے آگیا

Published: 21-10-2022

Cinque Terre

برسبین: فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے یارکر سے زخمی ہونے والے افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز کے حوالے سے افغانستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کردیا۔افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق اوپنر رحمان اللہ گُرباز کے تمام ٹیسٹ کلیئر ہیں اور انہیں ڈاکٹرز نے صحت مند قرار دیا ہے جبکہ ان کے پاؤں کی کوئی ہڈی فریکچر نہیں ہوئی ہے اور توقع ہے کہ انگلیینڈ کے خلاف ورلڈکپ اوپننگ میچ میں کرکٹر دستیاب ہوں گے۔قبل ازیں گزشتہ روز کھیلے گئے وارم اپ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے رحمان اللہ گرباز کو یارکر کروایا تھا جو بیٹر کے پاؤں میں لگا تھا جس کے باعث انہیں فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔افغان کرکٹر کے علاج کے لیے فزیو فوری طور پر گراؤنڈ میں آئے تھے تاہم گرباز کو چلنے میں مشکل درپیش تھی جس کے باعث انہیں متبادل فیلڈر نے میدان سے باہر لے جایا گیا۔بارش سے متاثرہ میچ کے اختتام پر شاہین آفریدی افغان بیٹر کی خیریت دریافت کرنے ڈریسنگ روم بھی گئے تھے۔واضح رہے کہ وارم اپ میچ میں افغانستان پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے تھے جبکہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز نے 2.2 اوورز میں 19 رنز بنائے تھے تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا تھا۔