ٹی20 ورلڈکپ؛ نمیبیا کی شکست، نیدرلینڈز سپر 12 مرحلے میں پہنچ گیا

Published: 21-10-2022

Cinque Terre

گیلونگ: ٹی20 ورلڈکپ میں کوالیفائنگ راؤنڈ کے دسویں میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نمبیبیا کو 8 رنز سے شکست دیدی، ہار کے بعد نیدرلینڈز کی ٹیم نے سپر 12 مرحلے تک رسائی حاصل کرلی ہے۔گیلونگ میں کھیلے گئے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز اسکور کیے، متحدہ عرب امارات کی جانب محمد وسیم 50 اور کپتان رضوان 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے، برنارڈ شولٹز اور بین شیکونگو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم کوئی بڑی پارٹنرشپ کرنے میں ناکام رہی، اوپنرز مائیکل وین لنگن اور اسٹیفن بارڈ 16 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان گیراڈ ارسمس بھی محض 16 رنز بناسکے۔دیگر بیٹرز میں جان فرائے لنک 14، زین گرین 2 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، میچ کے اختتامی لمحات میں ڈیوڈ ویزے کے 55 اور روبن ٹرمپلمین کے 24 رنز کی بدولت میچ کا رخ تبدیل ہوا تاہم نمیبین جیت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔یو اے ای کی جانب سے باسل حمید اور ظہور خان نے 2،2 جبکہ جنید صدیق اور کارتک میاپن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی یہ پہلی فتح ہے۔