Published: 03-11-2022
سڈنی: قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے قبل ہی بڑا دھچکا لگ گیا، اوپنر فخر زمان انجری کے باعث ورلڈکپ سے باہر ہوگئے۔سڈنی میں ٹیم ڈاکٹر نجیب نے پریس کانفرنس میں فخر زمان کی انجری کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے تسلیم کیاتھا کہ وہ مکمل فٹ نہیں اور جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں دسیتاب نہیں ہوں گے۔ٹیم ڈاکٹر کے مطابق فخر زمان کو نیدر لینڈز کے خلاف کھلا کر رسک لیا تھا، کبھی کامیابی مل جاتی ہے لیکن فخر کے معاملے میں ایسا نہیں، بدقسمتی سے انکی انجری نے دوبارہ سر اٹھالیا ہے۔ڈاکٹر نجیب نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس کے حوالے سے ڈاکٹر نجیب کا موقف تھا کہ شاہین مکمل فٹ ہیں، ان کے حوالےسے کی جانے والی باتوں میں کوئی صداقت نہیں، انجری کھیل کا حصہ ہیں، کسی بھی وقت اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔دوسری جانب ٹیم میجمنٹ نے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کو فخر زمان کے متبادل کے طور پر محمد حارث کے نام کی منظوری کے لیے لکھ دیا ہے، وہاں سے گرین سگنل ملنے کے بعد محمد حارث کو ٹیم میں شامل کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ قومی ٹیم سپر 12 مرحلے کے اپنے چوتھے میچ میں کل جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اُترے گی۔قبل ازیں قومی ٹیم کی ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف لازمی فتح درکار ہے، جنوبی افریقہ نے اپنے گزشتہ میچ میں بھارت کو شکست دی تھی۔