Published: 04-11-2022
ایڈیلیڈ: آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے امپائر ماریس ایراسمس پاک بھارت اور بنگلہ دیش، بھارت کے درمیان میچ میں متنازعہ فیصلوں کے باعث تنقید کی زد میں آگئے۔گروپ بی میں 23 اکتوبر کو پاک بھارت مقابلے میں متنازع نو بال قرار دینے اور گزشتہ روز کھیلے گئے بھارت اور بنگلہ دیش کے میچ میں بنگال ٹائیگرز کیخلاف بھی متنازع نوبال دینے پر ایک بار پھر آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل امپائر ماریس ایراسمس تنقید کی زد میں ہیں۔گزشتہ روز بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے بارش سے قبل بغیر کسی نقصان 60 رنز بنائے تھے تاہم تیز بارش نے میچ رکوادیا تھا جبکہ بنگال ٹائیگرز اس وقت بھارت کو شکست دینے کے قریب تھے تاہم امپائرز نے گیلی آؤٹ فیلڈ پر میچ کروانے کا فیصلہ کیا جس پر شکیب الحسن کافی ناراض نظر آئے اور ابتدا میں ہی انکے اہم بیٹر لٹن داس رن آؤٹ کی صورت میں وکٹ گنوابیٹھے جنہوں نے 26 گیندوں پر 60 رنز بنائے تھے۔پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کی بالنگ کے دوران ویرات کوہلی کی جانب سے امپائر کو اشارہ کیا گیا کہ نوبال قرار دی جائے جس پر انہوں نے تھرڈ امپائر کو فیصلہ دینے کے بجائے نوبال قرار دیدی جس سے مخالف ٹیم کو فائدہ پہنچا۔