Published: 16-11-2022
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کی وجہ سے ممکنہ متاثر ہونے والی پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کو بچانے کے لیے پلان بی پر غور شروع کردیا جس کے تحت سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ کراچی میں کھیلا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کا شیڈول متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر شیڈول میں تبدیلی کے لیے دوسرے آپشن پر غور شروع کردیا ہے۔ شیڈول کے مطابق انگلش ٹیم نے 27 نومبر کی صبح اسلام آباد پہنچے گی اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر کو راولپنڈی کے اسٹیڈیم جبکہ دوسرا 9 دسمبر سے ملتان اور تیسرا 17 دسمبر سے کراچی میں میں شیڈول تھا تاہم اب پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی وجہ سے راولپنڈی کا میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق پاک انگلینڈ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا البتہ سیریز کو کامیاب کرنے کے لیے پلان بی کا آپشن زیر غور ہے، جس کے تحت پہلا اور آخری ٹیسٹ کراچی میں کھیلنے پر غور کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور حکومت کی سفارش کے بعد شیڈول تبدیل کرنے کا فیصلہ کرے گی اور اس حوالے سے جمعرات یا جمعہ تک شیڈول کی تبدیلی کے حوالے سے اعلان کردیا جائے گا۔