82 سالہ لیجنڈ فٹبالر پَیلے طبیعت کی ناسازی پر اسپتال میں داخل

Published: 04-12-2022

Cinque Terre

برزیلیا: برازیل کے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈ فٹبالر پَیلے کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے باعث انھیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فٹبال کے معروف کھلاڑی پَیلے پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہوگئے جس پر انھیں ساؤ پاؤلو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ پَیلے اس سے قبل کینسر کے مرض کو بھی شکست دے چکے ہیں۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ لیجنڈ فٹبالر کی حالت اس وقت تسلی بخش ہے۔ انھیں اینٹی بائیوٹکس دی جارہی ہیں اور وہ روبہ صحت ہیں تاہم پَیلے کو ابھی چند روز مزید اسپتال میں رہنا ہوگا۔82 سالہ فٹبالر کو آنتوں کا کینسر بھی ہوا تھا جس پر گزشتہ برس ان کا آپریشن کیا گیا تھا اور بڑی آنت سے ایک ٹیومر نکالا گیا تھا جس کے بعد سے وہ کافی کمزور ہوگئے تھے اور زیادہ تر گھر پر ہی آرام کر رہے تھے۔اپنے پورے کیریئر میں مجموعی طور پر 757 گول کرنے والے پَیلے نے محض 17 سال کی عمر میں ورلڈکپ میچ سے ڈیبیو کیا تھا اور واحد کھلاڑی ہیں جنھوں نے اپنی ٹیم کو تین بار ورلڈکپ جیتوایا تھا۔پیلے نے برازیل کے لیے 92 عالمی میچز میں 77 گول کیئے۔ پیلے کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ فیفا نے انھیں ’’ گریٹ پلیئر آف آل ٹائم‘‘، اولپمک ایسوسی ایشن نے ایتھلیٹ آف دا سینچری اور ٹائم میگزین نے 20 ویں صدی کے معروف شخصیت کی فہرست میں شامل کیا تھا۔