آسٹریلوی وزیراعظم ایک سال میں دوسری بار کورونا میں مبتلا

Published: 06-12-2022

Cinque Terre

کینبرا: آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البنیس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس پر انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم ایک بار پھر کورونا میں مبتلا ہوگئے۔ انھیں 12 اور 13 دسمبر کو گونیا جانا تھا تاہم معمولی علامات ظاہر ہونے اور سفری شرائط کے باعث کورونا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آگیا۔آسٹریلوی وزیراعظم نے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے بیان میں ان تمام لوگوں سے کورونا ٹیسٹ کرانے کا کہا ہے جو حال میں اُن سے ملے تھے۔وزیراعظم انتھونی البنیس نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا اور کورونا ٹیسٹ منفی تک وہ امور مملکت گھر ہی سے چلائیں گے۔خیال رہے کہ نومنتخب وزیراعظم انتھونی البنیس رواں برس الیکشن مہم کے دوران بھی کورونا کے شکار ہوگئے جس پر انھوں نے آئسولیشن اختیار کی تاہم پارٹی نے ان کی انتخابی مہم چلائی اور وہ کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔تین سال تک اپنی دہشت سے دنیا کو ڈرائے رکھنے والے کورونا وائرس میں مجموعی طور پر 66 لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہوئیں جب کہ اس وائرس نے ساڑھے 64 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا۔یاد رہے کہ 3 سال قبل چین میں کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے ہلاکت خیز وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کورونا ویکسین کے مارکیٹ میں آنے اور ویکسینیشن تک دنیا بھر میں تجارتی اور سماجی سرگرمیاں معطل رہیں۔