عراق؛ فوجی قافلے پر بم دھماکے میں افسر ہلاک اور 2 اہلکار زخمی

Published: 15-12-2022

Cinque Terre

بغداد: عراق میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں فوجی افسر ہلاک اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے نواحی علاقے میں فوجی گاڑی پٹرولنگ پر مامور تھی کہ اچانک زوردار دھماکا ہوگیا۔ دھماکے میں فوجیوں کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔دھماکا سڑک کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے ہوا جس میں فوجی گاڑی میں سوار ایک کیپٹن موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ دو اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔زخمیوں میں سے ایک اہلکار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جو دھماکے کے بعد لگنے والی آگ میں بری طرح جھلس گیا تھا۔تاحال کسی جماعت نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم اس علاقے میں داعش اور اس سے منسلک مقامی جماعتیں اپنے ٹھکانوں سے نکل کر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتی رہی ہیں۔واضح رہے کہ عراقی فوج نے غیر ملکی اتحادی فوج کی مدد سے شدت پسند تنظیم داعش کو پسپا کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔