Published: 22-12-2022
نئی دہلی: بھارت میں کورونا کی نئی شکل بی ایف.7 تیزی سے پھیل رہا ہے جس نے مودی سرکار کو فوری اور مؤثر اقدامات اُٹھانے پر مجبور کردیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق تیزی سے پھیلنے والے کورونا کی نئی شکل اومیکروں کا نیا سب ویریئنٹ BF.7 دراصل چین سے ملک میں آیا اور اب تک کئی کیسز سامنے آچکے ہیں۔خیال رہے کہ چین میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور رواں ہفتے کورونا سے دو اموات بھی ہوئی ہیں جس کے بعد کئی شہروں میں لاک ڈاؤن کو مزید سخت کردیا گیا۔بھارت میں بھی کورونا کے اس نئے ویریئنٹ کے 131 کیسز سامنے آچکے ہیں اور اسپتال میں کورونا میں مبتلا مجموعی تعداد 3 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔بھارت کی وزارت صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا کے نئے ویریئنٹ سے متاثر ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان میں زیادہ تر نے خود کو گھر میں قرنطینہ کیا ہے۔واضح رہے کہ دسمبر 2019 میں کورونا کا پہلا کیس چین میں سامنے آیا تھا جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا اور امریکا کے بعد اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا ملک بھارت تھا۔