انگلینڈ سے شکست؛ ’’بابراعظم ہی کپتان رہے گا، کچھ اور سوچنا بھی منع ہے‘‘! شاہین

Published: 22-12-2022

Cinque Terre

انگلینڈ کے خلاف تین میچوں میں بدترین شکست کے بعد کپتان بابراعظم کی حمایت میں قومی ٹیم کے دو اہم پلیئرز نے سوشل میڈیا کا محاذ سنبھال لیا۔کراچی ٹیسٹ جیت کر انگلش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر 70 سال میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا، جس کے بعد تجزیہ کاروں اور کرکٹ حلقوں میں یہ بات زیر گردش تھی کہ بابراعظم کی جگہ کسی اور کو کپتان نامزد کیا جائے۔دوسری جانب کپتان بابراعظم کی سپورٹ میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ٹوئٹ کیا، شاہین نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’بابراعظم ہماری اور پاکستان کی شان، جان اورپہچان ہے، وہ ہمارا کپتان ہے اور رہےگا، شاہین نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بابر کے علاوہ کچھ اور سوچنا بھی منع ہے‘‘۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’’اس ٹیم کو سپورٹ کریں ،یہی ٹیم ہمیں جتائے گی ،کہانی ابھی ختم نہیں ہوئی‘‘۔اسی طرح حارث رؤف نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’بابراعظم ہمارے کپتان ہیں اور ہمیشہ رہیں گے‘‘۔دوسری جانب ٹوئٹر پر کئی شائقین کرکٹ نے سوال اٹھایا کہ بابراعظم کو کپتان برقرار رکھنا ہے یا نہیں اسکا فیصلہ ٹیم منجمنٹ، چیئرمین پی سی بی کریں گے یا کھلاڑی؟۔