Published: 26-12-2022
نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی عبوری سلیکشن کمیٹی کے ارکان سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔نیشنل اسٹیڈیم کے کمیٹی روم میں شاہد آفریدی کی سربراہی میں اہم اجلاس کا انعقاد ہوا، کمیٹی کے کنوینئر ہارون رشید اور عبدالرزاق بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں پلئینگ الیون میں تبدیلیوں کا امکان ہے، سابق کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کی قومی ٹیم میں واپسی جبکہ محمد رضوان کو آرام کروایا جاسکتا ہے۔اسی طرح اسپنر ساجد خان کی بھی کراچی ٹیسٹ میں شمولیت کا قومی امکان ہے، فاسٹ بولر میر حمزہ یا بیٹر کامران غلام کی شمولیت کا فیصلہ وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی کرے گی۔دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کی عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بابراعظم کی کپتانی میں مزید بہتری لائیں گے، ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہے، اب انصاف سے فیصلے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عبد الرزق کا آئیڈیا ہے کہ صرف ٹرننگ وکٹ نہیں ہونی چاہیئے بلکہ ہم آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی وکٹیں بھی بنا سکتے ہیں۔قبل ازیں پریس کانفرنس کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شاہنواز دھانی، ساجد خان اور میر حمزہ کے انتخاب میں میری مشاورت شامل تھی۔