Published: 28-12-2022
کراچی: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کرنے والے بلے باز سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ میں اپنے احساس اور خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغاز نے کہا کہ ملک کیلیے کھلینا فخر کی بات ہے، مشکل وقت میں اچھی بیٹنگ کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ پہلی سینچری بنانے پر بہت مسرت ہوئی ہے، قومی کپتان بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد میں نے ذمہ داری نبھائی اور ایک ایسے وقت میں اچھی بیٹنگ کی جب ٹیم کو ضرورت تھی، وکٹ پر رک کر نعمان علی نے بھی میری بھرپور مدد کی، وکٹ اس وقت اچھی ہےتاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بیٹرز کے لیے مشکلات ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے سو نہیں سکا تھا اسلیے دوسرے دن فیلڈنگ پر نہ آسکا اور بولنگ بھی نہیں کی، موقع ملا تواب بولنگ کروں گا۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ فرسٹ کلاس میچز کا تجربہ ٹیسٹ میں کام آتا ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں دباؤ ضرور ہوتا ہے مگر ڈومیسٹک کا تجربہ بھی بہت کام آتا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرتا ہوں،پاکستان ٹیم میں مجھے ساتویں نمبر پر بیٹنگ کا کردار دیا گیا ہے،یہی وجہ ہے کہ مجھے ٹیل اینڈرز کے ساتھ بیٹنگ کرنا پڑتی ہے۔