نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز، قومی ٹیم کے 21 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان

Published: 29-12-2022

Cinque Terre

  کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 21 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ون ڈے میچز 9، 11 اور 13 جنوری کو نیشنل بینک کرکٹ ایرینا(نیشنل اسٹیڈیم) میں کھیلے جائیں گے، پاکستان کپ کے اختتام اور دوسرے ٹیسٹ کے دوران 16 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی اسکواڈ کا اعلان ہوگا۔ممکنہ کھلاڑیوں میں جنوری 2017 میں اپنا 25 واں اور آخری ون ڈے کھیلنے والے شرجیل خان بھی شامل ہیں جبکہ 2019 میں یو اے ای میں آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے کھیلنے والے شان مسعود بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔قومی سلیکٹرز نے اس فہرست میں اُن چھ کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے جنہوں نے ابھی ون ڈے میں شرکت نہیں کی۔ جن میں ابرار احمد، عامر جمال، احسان اللہ، کامران غلام، قاسم اکرم اور طیب طاہر شامل ہیں۔ جبکہ فخر زمان، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی ( انجرڈ) اور زاہد محمود ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔ذرائع کے مطابق ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کی فہرست شاہد آفریدی نے تیار کی ہے۔اکیس ممکنہ کھلاڑیوں کے نام 21 ممکنہ کھلاڑیوں میں بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، عامر جمال، حارث رؤف، حسن علی، احسان اللہ، امام الحق، کامران غلام، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، قاسم اکرم، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہنواز دھانی، شان مسعود، شرجیل خان اور طیب طاہر شامل ہیں۔