Published: 31-12-2022
کراچی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم ساؤتھی نے کہا ہے کہ ہم فتح کے قریب پہنچ گئے تھے مگر پاکستانی بلے بازوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کر کے نتیجے کو تبدیل کردیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا، دوسری اننگز میں پاکستانی بلے بازوں نے بھرپور انداز سے کیوی بالرز کا سامنا کیا اور کھیل کے اختتام پر وکٹ پر رُک کر مزاحمت کی۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان نے کہا کہ ہم پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں آ گئے تھے مگر پاکستان کے بلے بازوں نے بہترین مزاحمت کی اور خاص طور پر آخری کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ٹم ساؤتھی نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز ڈیکلیئر کرنے پر قدرے حیرت بھی ہوئی، ہم نے ملنے والے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش بھی کی، کراچی کی وکٹ قدرے مختلف تھی، خاص طور پر ہمارے پاس بولرز کے لیے ایک چیلنج تھا، انہوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، مسلسل چار شکستوں کے بعد دباؤ تھا۔نیوزی لینڈ کے کپتان نے کہا کہ کین ولیمسن کی ڈبل سنچری نہ صرف ان کے لیے بلکہ ہماری ٹیم کے لیے بھی مددگار ثابت ہوئی،طویل عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں قیادت کے بعد ٹیسٹ میں کپتانی کر کے اچھا لگا اور بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملا۔