Published: 16-03-2023
انقرہ: ترکی کے زلزلہ زدہ علاقے میں شدید سیلاب کے باعث اب تک 14 افراد ہلاک ہوچکے ہیں.بین الاقوامی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ کے 7.8 شدت کے زلزلے سے متاثر ہونے والے علاقوں میں بہت سے لوگ بدھ کو آئے سیلاب کی نذد ہوگئے ہیں جبکہ مقامی علاقے کیچڑ اور ندیوں میں تبدیل ہوگئے۔ترکی کے جنوب مشرق میں 11 صوبوں پر محیط آفت زدہ علاقے میں زلزلے سے بچ جانے والے لاکھوں ترکوں کو خیموں اور کنٹینر میں منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلاب آیا۔ترک حکام نے بتایا کہ شام کی سرحد سے تقریباً 30 میل (50 کلومیٹر) شمال میں واقع شہر صرف سانلیورفا میں ہی سیلاب سے 12 افراد ہلاک ہوئے جس میں 1 سال کا بچہ بھی شامل ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پانچ ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ ترک محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔واضح رہے کہ 6 فروری کے زلزلے میں ترکی میں 48,000 سے زیادہ اور شام میں تقریباً 6,000 افراد ہلاک ہوئے تھے جو کہ رواں دور میں خطے کا مہلک ترین زلزلہ تھا۔