Published: 19-03-2023
واشنگٹن: امریکی قانون سازوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورِ حکومت میں دیگر ممالک سے ملنے والے تحائف کا ریکارڈ ظاہر کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جاپان کا سونے سے بنا گولف کلب اور سعودی عرب کے شاہی خاندان کی تلواریں ان تحائف میں شامل ہیں جنہیں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عہدہ صدارت کے دوران ظاہر نہیں کیا۔جاری کردہ ایک اعلامیے میں امریکی ہاؤس کی نگران کمیٹی کے ڈیموکریٹس نے 100 سے زائد اشیاء کی فہرست جاری کی جو ٹرمپ اور ان کے اہلخانہ نے وائٹ ہاؤس میں اپنے چار سالہ دور حکومت کے دوران رپورٹ نہیں کیں۔ اشیاء کی قیمت 250,000 ڈالرز سے زائد ہے۔فہرست میں سعودی عرب کے 16 تحائف ہیں جن کی مالیت 45,000 ڈالر سے زیادہ ہے، اس کے علاوہ ایک خنجر بھی ہے جس کی قیمت 24,000 ڈالرز ہے۔ بھارت سے 17 تحائف ملے ہیں جن میں مہنگے کف لنکس، ایک گلدان اور 4,600 ڈالرز کا تاج محل کا ماڈل شامل ہے۔مذکورہ بالا فہرست میں ایل سلواڈور کے صدر کی جانب سے ٹرمپ کو دی گئی ان کی دیوہیکل پینٹنگ بھی شامل ہے جس کے بارے میں کمیٹی کے تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ شاید اسے فلوریڈا منتقل کردیا گیا ہے جہاں ٹرمپ ساحل کے سامنے ایک محل اور تین گولف کلبوں کے مالک ہیں۔