Published: 04-04-2023
کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا ہے کہ ایک شخص سچ بول رہا ہے مگر پی سی بی کی نئی رجیم اسے سزا دے کر منہ بند کروانا چاہتی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سچ بولنے پر شاداب کو اس لیے تنگ کیا جارہا ہے کہ وہ کرکٹ چھوڑ کر نفسیاتی مریض بن جائے کیونکہ پاکستان کے 90 فیصد کھلاڑی کرکٹ بورڈ کے رویے کی وجہ سے نفسیاتی ہوکر کرکٹ چھوڑ دیتے ہیں۔راشد لطیف کا خیال ہے کہ افغانستان کیخلاف سیریز میں شکست اور شاداب خان کی بے باک انداز میں پریس کانفرنس کے بعد کرکٹ بورڈ انہیں وائس کپتان سے ہٹا دے گا۔واضح رہے کہ حال ہی میں قومی ٹیم نے متحدہ عرب امارات میں افغانستان کیخلاف تین ٹی 20 میچز پر مبنی سیریز کھیلی جس میں تمام نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا تھا، اس سیریز کو افغانستان نے دو ایک سے اپنے نام کیا۔سیریز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے پی سی بی پر بابر اعظم اور محمد رضوان کو سیریز میں نہ بھیجنے کا الزام عائد کیا تھا۔اس سے قبل پاکستان سپرلیگ کے دوران شاداب خان متعدد بار میڈیا سے گفتگو میں بابر اعظم کے دفاع میں نظر آئے اور انہوں نے واضح کیا تھا کہ ہم سب بابر اعظم کے وزیر ہیں۔