ایران کی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دورے کی دعوت

Published: 18-04-2023

Cinque Terre

تہران: ایرانی حکومت نے تعلقات میں مزید بہتری کے پیش نظر سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دورے کی دعوت دے دی ہے۔ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم نے ایرانی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ ایران نے باضابطہ طور پر سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ایرانی صدر (ابراہیم رئیسی) نے سعودی بادشاہ کو دعوت نامہ بھیجا جس کے بدلے میں ریاض کی طرف سے بھی انہیں دعوت دی گئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتی مشنز 9 مئی تک اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیں گے۔واضح رہے کہ مارچ میں چین کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے بعد دونوں علاقائی حریفوں نے برسوں کی دشمنی ختم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ اگرچہ ایران اور سعودی عرب یمن اور شام میں مخالف فریقوں کی حمایت کرتے آئے ہیں تاہم دونوں ممالک نے 7 سالہ کشیدہ تعلقات کو ختم کرنے کے لیے معاہدہ کیا ہے اور اپنے سفارتی مشنز کو باضابطہ طور پر دوبارہ بحال کرنے جا رہے ہیں۔