Published: 20-04-2023
یروشلم: ایران کے آخری شاہ کے بیٹے رضا پہلوی نے اسرائیل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔قطر کی سرکاری نیوز ایجنسی الجزیرہ کے مطابق ایران کے سابق بادشاہ مرحوم شاہ محمد رضا پہلوی کے بیٹے رضا پہلوی 1979 کے ایرانی انقلاب کے دوران ملک سے فرار ہو گئے تھے۔ وہ کئی سالوں سے امریکہ میں مقیم ہیں اور خود کو جلاوطنی میں رہ رہے ایران کے اہم اپوزیشن رہنماؤں میں سے گردانتے ہیں۔تاہم دوسری جانب ایران کی اپوزیشن جماعتوں نے رضا پہلوی پر اور ان کے حامیوں پر سخت تنقید کی ہے اور ان کے والد شاہ محمد رضا کے دور میں ہونے والی انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں اور اختلاف رائے کے جبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام صرف بادشاہت کی واپسی کے لیے اسلامی جمہوریہ کو ہٹانا کبھی قبول نہیں کریں گے۔علاوہ ازیں رضا پہلوی کی اہلیہ یاسمین پہلوی نے بھی اسرائیلی دورے کے دوران ایک اسرائیلی خاتون فوجی اہلکار کی تصویر پوسٹ کی جس پر فارسی میں نعرہ zanzindagiazadi# (زن، زندگی، آزادی) لکھا ہوا تھا۔