Published: 02-05-2023
کراچی: محمد رضوان کو چوتھی پوزیشن کیلیے ’بیسٹ‘ قرار دیا جانے لگا۔پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے ابتدائی دونوں مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اگرچہ دونوں فتوحات میں سنچری میکر فخر زمان کا اہم کردار تھا تاہم محمد رضوان نے بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔انھوں نے ان دونوں مقابلوں میں پانچویں نمبر پر بیٹٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فنش لائن عبور کرنے میں مدد دی، پہلے میچ میں انھوں نے 34 بالز پر 42 رنز اسکور کیے جبکہ دوسرے مقابلے میں بھی اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے 41 گیندوں پر 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اس شاندار پرفارمنس کے باوجود ون ڈے میں محمد رضوان کو بیٹنگ آرڈر میں چوتھے نمبر کیلیے بہترین قرار دیا جارہا ہے۔پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف نے بھی انھیں ایک نمبر اوپر کھلانے کا مشورہ دیا ہے۔ انھوں نے دوسرے ون ڈے میں ٹیم کی کامیابی کے بعد ٹویٹ کیا کہ محمد رضوان چوتھے نمبر کیلیے بہترین بیٹر ہیں، اس کے ساتھ راشد لطیف نے یکے بعد دیگر سنچریاں بنانے پر فخر زمان اور کیوی کرکٹر مچل کی بھی ستائش کی، انھوں نے کامیابی پر پوری ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔یاد رہے کہ محمد رضوان کا چوتھی پوزیشن پر بیٹنگ کے دوران ریکارڈ بھی کافی متاثر کن ہے، انھوں نے اس نمبر پر کھیلتے ہوئے 20 اننگز میں 43.64 کی اوسط سے 742 رنز اسکور کیے ہیں، اس دوران 30 سالہ رضوان نے 2 سنچریاں اور 5 ففٹیز اسکور کی ہیں۔